اسحاق ڈار سے بحرینی وزیر خارجہ کی ملاقات، تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے وزارت خارجہ میں اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور بحرین کے درمیان تجارت، معاشی شراکت داری اور سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس دوران دونوں رہنماؤں نے پاک بحرین تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر گفتگو کی۔
ملاقات میں تجارتی سرگرمیوں، معاشی شراکت داری اور سرمایہ کاری کے شعبوں کو خصوصی اہمیت دی گئی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے ان شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مزید اقدامات کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
اسحاق ڈار اور عبداللطیف بن راشد الزیانی نے کثیرالجہتی بین الاقوامی فورمز پر مشترکہ دلچسپی کے معاملات میں رابطوں کو مزید مؤثر بنانے پر بھی گفتگو کی، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی سفارتی رابطوں میں ہونے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بحرین کے دوطرفہ تعلقات میں موجودہ مثبت رجحان کو آگے بڑھانے اور باہمی مفادات سے متعلق مختلف شعبوں میں تعاون مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور عالمی سطح پر ہونے والی اہم پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اختلافات اور تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی قابلِ عمل اور مؤثر راستے ہیں۔



