پاکستان اور برطانیہ میں تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق، مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں سیکرٹری تجارت جواد پال اور وزارت تجارت کے سینئر حکام بھی شریک ہوئے۔ فریقین نے آئندہ ٹریڈ ڈائیلاگ میں عملی نتائج حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ پاکستان کے ساتھ طویل المدتی سرمایہ کاری شراکت داری کے فریم ورک پر بھی گفتگو کی گئی۔

دونوں جانب سے صحت، آئی ٹی، زراعت، لائیو اسٹاک، مالیاتی خدمات، ہوا بازی اور معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ جام کمال خان نے لائیو اسٹاک کے شعبے میں برطانوی ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پیداوار میں اضافے، ویلیو ایڈیشن اور گوشت کی برآمدات کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پاکستانی زرعی اور غذائی مصنوعات کے لیے عالمی فوڈ سیفٹی اور ریگولیٹری معیارات کی پاسداری کو انتہائی اہم قرار دیا۔ ملاقات میں پاکستانی مصنوعات کی عالمی برانڈنگ اور بیرون ملک منڈیوں تک رسائی بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

فریقین نے پنک سالٹ، زیتون کے تیل، فوڈ مصنوعات، ٹیکسٹائل اور سرجیکل آلات کی عالمی مارکیٹنگ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ شرکا نے زور دیا کہ پاکستانی کاروباری ادارے اپنے برانڈز متعارف کرا کے عالمی منڈیوں میں مصنوعات کی زیادہ قدر حاصل کرسکتے ہیں، جبکہ پاکستانی فوڈ اور ریسٹورنٹ برانڈز کی برطانیہ میں توسیع کے امکانات بھی زیر غور آئے۔

ملاقات میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے لیے ایئربس اور رولز رائس سے ممکنہ طیاروں اور انجنوں کے انتظامات پر بھی گفتگو ہوئی۔ پی آئی اے کی فوری ضروریات پوری کرنے کے لیے طیاروں کی لیزنگ اور طویل المدتی بنیادوں پر فضائی بیڑے کو جدید بنانے کے مختلف آپشنز کا جائزہ لیا گیا۔

جام کمال خان نے کہا کہ پی آئی اے کی براہ راست بین الاقوامی پروازیں پاکستان کے لیے ایک اہم تجارتی اثاثہ ہیں، جبکہ مسافروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے سروس کے معیار، قابلِ اعتماد آپریشن اور فلیٹ کو جدید بنانا ضروری ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان میں معاشی، ریگولیٹری اور ٹیکس اصلاحات کو سراہا۔ اس موقع پر جام کمال خان نے کہا کہ ٹیرف ریشنلائزیشن سے مسابقت، خام مال تک رسائی اور سرمایہ کاری کے مواقع میں بہتری آئے گی۔

ملاقات میں اسلامی مالیات کے شعبے میں تعاون اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کے ساتھ مالی روابط مزید بڑھانے پر بھی غور کیا گیا۔ معدنیات کے شعبے میں تکنیکی مہارت، پیشہ ورانہ ایکسپلوریشن اور مشترکہ منصوبوں کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا، جبکہ برطانوی کمپنیوں کی پاکستان کی مجوزہ منرلز کانفرنس میں شرکت کے امکانات بھی زیر بحث آئے۔

فریقین نے پاکستان کی 80ویں سالگرہ، جو 2027 میں منائی جائے گی، کو تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور ثقافتی تعاون کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو اجاگر کرنے کے لیے استعمال کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

مزید خبریں

Back to top button