اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا پاکستان کا سرکاری دورہ مکمل

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا پاکستان کا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل ہوگیا۔ وہ 6 سے 8 اکتوبر تک پاکستان میں قیام کے دوران اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کرتے رہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق انتونیو گوتریس نے 6 اکتوبر کو نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں، کثیرالجہتی نظام اور مذاکرات و سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
نائب وزیراعظم نے جموں و کشمیر کے تنازع کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق منصفانہ اور پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کے بھارتی فیصلے سے بھی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیا اور اسے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا۔
اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور آزاد ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔
اسی روز انتونیو گوتریس نے صدر آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کی، جس کے دوران صدر پاکستان نے عالمی امن اور ترقی کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو نشانِ امتیاز عطا کیا۔
7 اکتوبر کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے وزیراعظم سے ملاقات کی، جس میں علاقائی اور عالمی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
وزارت خارجہ کے مطابق انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کی دیرینہ خدمات، بالخصوص عالمی امن مشنز میں نمایاں کردار، مذاکرات و ثالثی اور عالمی تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ برائے بھارت و پاکستان (UNMOGIP) کے ہیڈکوارٹر کا دورہ بھی کیا، جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی میں بریفنگ میں شرکت کی، جہاں انہیں قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری اور قبل از وقت انتباہ کے نظام میں پاکستان کی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔
بعد ازاں 7 اکتوبر کو انتونیو گوتریس نے فارن سروس اکیڈمی میں ’’بدلتی دنیا میں کثیرالجہتی نظام کا استحکام، جغرافیائی سیاست اور اقوام متحدہ کا کردار‘‘ کے موضوع پر خصوصی گفتگو میں بطور مہمان مقرر شرکت کی۔
اپنے خطاب میں انہوں نے پاکستان کے ساتھ اپنی دیرینہ وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے پاکستانی عوام کی سخاوت، ثابت قدمی اور یکجہتی کو سراہا۔
وزارت خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا دورہ پاکستان دونوں فریقوں کے درمیان دیرینہ شراکت داری کے اعادے اور علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کا اہم موقع ثابت ہوا، جبکہ کثیرالجہتی نظام اور اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کے لیے پاکستان کے عزم کی بھی توثیق ہوئی۔



