محبت اور شادی کے نام پر تھائی خاتون سے 60 لاکھ روپے ہتھیانے کا الزام، بھارتی شہری گرفتار

کانپور (ویب ڈیسک) بھارتی شہر کانپور میں ایک شہری پر تھائی لینڈ کی خاتون کو محبت اور شادی کے جھانسے میں لے کر لاکھوں روپے ہتھیانے کا الزام سامنے آیا ہے، پولیس نے خاتون کی شکایت پر مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی نژاد تاجر عرفان کی تھائی لینڈ میں ریسٹورنٹ اور کینٹین چلانے والی خاتون اپسورن سے سوشل میڈیا کے ذریعے دوستی ہوئی، جو بعد ازاں محبت میں تبدیل ہوگئی۔ دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا اور عرفان خود تھائی لینڈ گیا، جہاں تقریباً دو سال قبل دونوں نے شادی کرلی۔

اپسورن کا کہنا ہے کہ شادی کے وقت عرفان نے خود کو غیر شادی شدہ ظاہر کیا اور بعد میں کاروباری ضروریات کے نام پر اس سے رقم طلب کرنا شروع کردی۔ خاتون کے مطابق اس نے اپنے کاروبار کی آمدنی اور رشتہ داروں سے قرض لے کر عرفان کو تقریباً 60 لاکھ روپے فراہم کیے۔

خاتون نے بھارتی پولیس کو بتایا کہ رقم لینے کے بعد عرفان کاروبار کرنے کا بہانہ بنا کر بھارت واپس آگیا اور اس سے رابطہ ختم کردیا۔ کئی ماہ تک شوہر سے رابطہ نہ ہونے پر اپسورن 6 اکتوبر کو کانپور پہنچی اور عرفان کے گھر گئی، جہاں اسے مبینہ طور پر معلوم ہوا کہ وہ پہلے سے شادی شدہ ہے۔

اپسورن کے مطابق عرفان گزشتہ 12 سال سے شادی شدہ ہے اور اس کے تین بچے بھی ہیں، جبکہ اس نے شادی سے قبل اپنی ازدواجی حیثیت کے بارے میں اس سے جھوٹ بولا تھا۔

خاتون نے مزید الزام عائد کیا کہ رقم واپس مانگنے پر عرفان نے اسے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اگر وہ اس کے ساتھ رہنا یا اپنی رقم واپس لینا چاہتی ہے تو اسے اسلام قبول کرنا ہوگا۔

پولیس نے خاتون کی شکایت پر مقدمہ درج کرکے عرفان کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق شادی کے کاغذات، بینک لین دین اور تشدد سے متعلق الزامات کی تحقیقات جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button