گوتریس کی محسن نقوی اور طلال چودھری سے ملاقات، امن مشنز اور عالمی صورتحال پر گفتگو

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چودھری سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ملاقات کی، جس میں عالمی و علاقائی صورتحال، دہشتگردی اور اقوام متحدہ کے امن مشنز سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں اس وقت 25 دہشتگرد تنظیمیں سرگرم ہیں جو عالمی امن کے لیے بڑا خطرہ ہیں، عالمی برادری کو اس خطرے سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز میں اپنا بھرپور کردار جاری رکھے گا۔ پاکستانی پولیس کے افسران اور اہلکار بھی اقوام متحدہ پولیس کے تحت مختلف امن مشنز میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق پاکستان نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں خدمات انجام دیتے ہوئے 181 جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان کی اقوام متحدہ کے امن مشنز میں شرکت ہمیشہ نمایاں رہی ہے۔ دنیا کے امن کے لیے پاکستان کا کردار قابلِ ستائش ہے۔

ملاقات کے دوران محسن نقوی نے قدرتی آفات کے دوران پاکستان کی بھرپور امداد پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا شکریہ بھی ادا کیا۔

مزید خبریں

Back to top button