پاکستان اور برطانیہ کا بڑا فیصلہ، جعلی اسٹوڈنٹ ویزوں کے خلاف سخت کارروائی پر اتفاق

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے برطانوی وزیر مملکت خارجہ امور سٹیفن ڈوٹی نے ملاقات کی، جس میں پاک برطانیہ تعلقات اور مشترکہ مفادات کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں غیر قانونی امیگریشن، انسداد منشیات اور انسداد دہشت گردی کے لیے دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے پر بات چیت ہوئی، جبکہ جعلی اسٹوڈنٹ ویزوں کے ذریعے برطانیہ جانے کے رجحان کی روک تھام کے لیے مشترکہ طور پر سخت اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

دونوں جانب سے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ جعلی اسٹوڈنٹ ویزوں کے ذریعے بیرون ملک جانے والے پاکستانی طلبہ کے معاملے میں سخت جانچ پڑتال ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس نے برطانیہ اسمگل کی جانے والی 55 میٹرک ٹن منشیات ضبط کی ہیں۔

ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور پاکستان کے مثبت کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

پاک برطانیہ مشترکہ ورکنگ گروپ کی 90 روزہ پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ افغانستان کے ساتھ سرحدی صورتحال کے تناظر میں بھی بات چیت ہوئی۔

برطانوی وزیر سٹیفن ڈوٹی نے پاکستان میں آن لائن فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کو سراہا۔

ملاقات میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ، قونصلر سیکیورٹی الاسڈئیر گرانٹ اور سیکریٹری میتھیو میک ماہون بھی موجود تھے۔

مزید خبریں

Back to top button