خیبرپختونخوا میں دہشت گردی ہر قیمت پر روکنا ہوگی، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کو ہر قیمت پر روکنا ہوگا، ہماری خواہش ہے کہ خیبرپختونخوا میں بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح ترقی ہو۔
وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے ملاقات کی، جس میں آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے وزیراعظم کو آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں جاری امور اور پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔وزیراعظم نے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود، ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔شہباز شریف نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی ترقی اور وہاں کے عوام کی خوشحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کو ہر قیمت پر روکنا ہوگا۔ ہماری خواہش ہے کہ خیبرپختونخوا میں بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح ترقی ہو۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں اور حکومت ان قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔



