مومنہ اقبال اور ثاقب چدھڑ کیس، این سی سی آئی اے کا دوبارہ نوٹسز جاری کرنے کا فیصلہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے اداکارہ مومنہ اقبال اور ثاقب چدھڑ کو دوبارہ نوٹسز جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا، دونوں فریقین کے درمیان قانونی معاملہ تاحال تفتیشی مرحلے میں ہے۔
ذرائع کے مطابق مومنہ اقبال کی درخواست پر این سی سی آئی اے میں درج مقدمے کی تفتیش تاحال آگے نہیں بڑھ سکی۔ کیس کی تحقیقات ازسرنو شروع کرنے کے لیے این سی سی آئی اے نے ایک نئی انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی تھی، جس کی سربراہی ڈپٹی ڈائریکٹر رینک کے افسر کو سونپی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انویسٹی گیشن ٹیم کی جانب سے مومنہ اقبال اور ثاقب چدھڑ کو سوالنامے بھی جاری کیے گئے تھے، تاہم دونوں فریقین نے اب تک سوالناموں کے جوابات جمع نہیں کروائے، جس کے باعث تحقیقات میں پیش رفت نہ ہوسکی۔
اب این سی سی آئی اے نے دونوں فریقین کو دوبارہ نوٹسز جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے نوٹسز کے ذریعے مومنہ اقبال اور ثاقب چدھڑ کو تفتیش میں شامل ہونے اور سوالناموں کے جوابات جمع کروانے کی ہدایت کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق دوبارہ نوٹسز جاری ہونے کے بعد دونوں فریقین کے تفتیشی عمل میں شامل ہونے کی صورت میں کیس کی تحقیقات کو آگے بڑھایا جائے گا۔



