ایران جنگ میں امریکی فضائی طاقت کو بڑا نقصان، 81 طیارے تباہ یا متاثر ہونے کا انکشاف

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے خلاف جاری جنگ کے دوران امریکی فضائی طاقت کو پہنچنے والے نقصانات سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ کانگریشنل ریسرچ سروس کی رپورٹ کے مطابق لڑائی کے دوران کم از کم 81 امریکی فوجی طیارے تباہ یا نقصان کا شکار ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق متاثر ہونے والے امریکی فضائی اثاثوں میں جنگی طیارے، ہیلی کاپٹرز اور بغیر پائلٹ فضائی گاڑیاں شامل ہیں، تاہم مجموعی نقصانات میں سب سے بڑا حصہ ایم کیو-9 ریپر ڈرونز کا رہا، جن میں سے کم از کم 45 ایران کے خلاف کارروائیوں کے دوران ضائع ہوئے۔

کانگریشنل ریسرچ سروس کے مطابق امریکی فضائی نقصانات صرف براہِ راست ایرانی حملوں تک محدود نہیں رہے بلکہ مختلف واقعات میں بھی امریکی طیارے متاثر ہوئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مارچ میں کویت کے اندر امریکی جانب سے فائرنگ کے ایک واقعے کے دوران 3 طیارے تباہ ہوئے، جبکہ اپریل میں ایران کے اوپر ایک ایف-15 ای جنگی طیارہ بھی تباہ ہوگیا۔

اسی طرح ستمبر میں اردن کے ایک فضائی اڈے پر ایرانی حملے کے نتیجے میں 15 ایف-16 طیاروں کو نقصان پہنچا، تاہم بعد میں انہیں دوبارہ آپریشنل کر دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ایک ایف-35 اے لائٹننگ ٹو، دو اے-10 تھنڈر بولٹ ٹو اور ایک کے سی-135 فضائی ایندھن بھرنے والے طیارے بھی متاثر ہوئے۔

رپورٹ کے اعداد و شمار نے امریکی فضائی طاقت اور جدید جنگی ٹیکنالوجی سے متعلق ان تصورات پر سوال اٹھایا ہے کہ جدید فضائی اثاثے جنگ کے دوران نقصانات سے بڑی حد تک محفوظ رہ سکتے ہیں۔

خصوصاً ایم کیو-9 ریپر ڈرونز کی بڑی تعداد میں تباہی اس امر کی نشاندہی کرتی ہے کہ طویل فاصلے کی کارروائیوں اور نگرانی کے لیے استعمال ہونے والے امریکی فضائی اثاثے بھی شدید خطرات سے دوچار رہے۔

مزید خبریں

Back to top button