پنجاب میں بلدیاتی انتخابات اپریل 2027 تک مؤخر کرنے کی تجویز زیرِ غور

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مقررہ شیڈول کے مطابق نہ کرانے سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آگئی، محکمہ بلدیات پنجاب نے مقامی حکومتوں کے انتخابات دسمبر یا جنوری کے بجائے اپریل 2027 میں کرانے کی تجویز پر غور شروع کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن نے محکمہ بلدیات کو تجویز دی ہے کہ 15 دسمبر سے یکم جنوری کے دوران پنجاب کے مختلف علاقوں میں سموگ اور دھند کے امکانات کے پیش نظر بلدیاتی انتخابات کی تاریخ تبدیل کی جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ بلدیات پنجاب کی جانب سے مقامی حکومتوں کے انتخابات اپریل 2027 میں کرانے کی تجویز زیرِ غور ہے۔ اس معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب کو کابینہ اجلاس میں تفصیلی بریفنگ بھی دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کا مجوزہ شیڈول بھی کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا، تاہم انتخابات کی نئی تاریخ سے متعلق حتمی فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری سے مشروط ہوگا۔

وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے بھی تصدیق کی ہے کہ محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے مقامی حکومتوں کے انتخابات کی تاریخ تبدیل کرنے کی تجویز زیرِ غور ہے۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کو دسمبر یا جنوری کے بجائے اپریل 2027 میں انتخابات کرانے کی تجویز سے آگاہ کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق بلدیاتی انتخابات کی نئی تاریخ، انتخابی شیڈول اور دیگر انتظامی امور کے حوالے سے حتمی فیصلہ متعلقہ فورمز پر مشاورت اور منظوری کے بعد کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button