پاکستان اور پولینڈ کا سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق، غیر قانونی مائیگریشن کے خاتمے کیلئے مشترکہ اقدامات پر زور

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے پولینڈ کے وزیر اور کونسل آف منسٹر کے سربراہ ٹوماش شیمونیاک نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور پولینڈ کے درمیان دوطرفہ تعلقات، سکیورٹی تعاون اور انسداد دہشت گردی کے اقدامات کو مزید مؤثر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے سکیورٹی، انٹیلی جنس شیئرنگ، انسداد دہشت گردی، غیر قانونی مائیگریشن اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ فریقین نے دوطرفہ تعاون کو نئی جہت دینے اور اعلیٰ سطح کے روابط مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ملاقات میں میوچل لیگل اسسٹنس سمیت مختلف مفاہمتی یادداشتوں کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے وزیر مملکت طلال چوہدری کی قیادت میں وزارت داخلہ کا وفد جلد پولینڈ کا دورہ کرے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ حکومت نے منشیات، غیر قانونی مائیگریشن اور منظم جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کر رکھی ہے۔ ان کے مطابق حکومتی اقدامات کے نتیجے میں پاکستان سے یورپ کی جانب غیر قانونی مائیگریشن میں 64 فیصد کمی آئی ہے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ باہمی تعاون، انٹیلی جنس شیئرنگ اور دوطرفہ رابطہ کاری کو مزید بڑھا کر جرائم کی روک تھام میں نمایاں بہتری لائی جاسکتی ہے۔ پولش وزیر ٹوماش شیمونیاک نے سکیورٹی اور انسداد جرائم کے شعبوں میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات میں غیر قانونی مائیگریشن کی روک تھام کے لیے یورپ میں پاکستانی شہریوں کے لیے قانونی روزگار اور مائیگریشن کے مواقع بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ پولش وزیر نے کہا کہ پاکستانی شہری قانونی طریقہ کار کے تحت پولینڈ آئیں تو انہیں خوش آمدید کہا جائے گا۔

ٹوماش شیمونیاک نے کہا کہ انسداد دہشت گردی اور سکیورٹی کے معاملات پر پاکستان اور پولینڈ کا مؤقف یکساں ہے۔ ملاقات میں عوامی، تجارتی اور کاروباری روابط کو مزید وسعت دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پولش وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی اور سکیورٹی تعلقات کے ساتھ معاشی روابط کا فروغ بھی دونوں ممالک کے لیے اہم ہے۔ محسن نقوی نے یورپی یونین کی جی ایس پی پلس اسکیم کے معاملے پر پولینڈ کے تعاون کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں پاکستان اور پولینڈ کے درمیان آفیشل پاسپورٹ پر ویزا فری سہولت کے امکان پر بھی بات چیت ہوئی۔ ٹوماش شیمونیاک نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں سیکرٹری داخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

مزید خبریں

Back to top button