سعودی عرب کے 2 ایئرپورٹس پر بڑا حملہ، 3 افراد زخمی، یمن جنگ مزید بھڑک اٹھی

دبئی (جانو ڈاٹ پی کے)سعودی عرب کے جازان اور نجران انٹرنیشنل ایئرپورٹس کو پیر کی شام دو الگ حملوں میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد معمولی زخمی ہوئے جبکہ دونوں ہوائی اڈوں کو مالی نقصان بھی پہنچا۔ سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے حملوں کی تصدیق کی ہے۔سعودی حکام کے مطابق کنگ عبداللہ بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ، جازان اور نجران انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا گیا۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ متعلقہ اداروں نے فوری طور پر ہنگامی کارروائیاں شروع کردیں۔
یہ حملے سعودی عرب اور یمن کے حوثی گروپ کے درمیان جاری لڑائی میں تیزی کے دوران ہوئے ہیں۔ حوثیوں نے پیر کی شب جنوبی سعودی عرب میں ہوائی اڈوں اور دیگر مقامات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔دوسری جانب سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومتی فورسز نے حوثیوں کے زیر قبضہ علاقوں کے خلاف بڑی فوجی کارروائی شروع کر رکھی ہے۔ سعودی قیادت میں اتحادی فورسز بھی حوثیوں کے خلاف فضائی کارروائیاں تیز کر رہی ہیں، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
سعودی سول ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ ہوائی اڈوں کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ مسافروں، عملے اور شہری ہوابازی کے نظام کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔



