پاکستان کی گوشت برآمدات میں بڑی پیشرفت،16ممالک تک رسائی،سعودی عرب میں برآمدات191.5ملین ڈالرتک پہنچ گئیں

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان نے حکومتی پالیسیوں اور برآمدات کے فروغ کے اقدامات کے تحت سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، عمان، ازبکستان، ایران اور قطر سمیت متعدد بین الاقوامی منڈیوں میں گوشت کی برآمدی رسائی قائم کرلی ہے۔ حکومت لائیو اسٹاک اور گوشت کی برآمدات بڑھانے اور نئی عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق پاکستان کی گوشت کی برآمدی منڈیوں میں قطر، افغانستان، کویت، بحرین، عمان، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، ایران، ازبکستان، مصر، ملائیشیا، تاجکستان، اردن اور چین سمیت مختلف ممالک شامل ہیں۔ حکومت کا مقصد خلیجی، ایشیائی اور دیگر بین الاقوامی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی موجودگی مزید مضبوط بنانا ہے۔

ازبکستان پاکستانی گوشت کے لیے ایک ابھرتی ہوئی منڈی کے طور پر سامنے آیا ہے۔ دستاویزات کے مطابق مالی سال 2025 میں وہاں پاکستان کی گوشت کی برآمدات تقریباً 15.1 ملین ڈالر، یعنی 4,439 میٹرک ٹن تھیں، جو مالی سال 2026 میں بڑھ کر 18 ملین ڈالر اور 6,094 میٹرک ٹن تک پہنچ گئیں۔

سعودی عرب میں بھی پاکستانی گوشت اور پولٹری کی برآمدات میں نمایاں پیش رفت ریکارڈ کی گئی، جہاں مالی سال 2025-26 کے دوران برآمدات کی مالیت 191.5 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔

حکومت چین، ازبکستان، ملائیشیا اور لبنان سمیت نئی منڈیوں میں رسائی بڑھانے کے لیے وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق اور اینیمل قرنطینہ ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔

پولٹری مصنوعات کے لیے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں مارکیٹ تک رسائی کی درخواستیں دی گئی ہیں، جبکہ ملائیشیا، چین، ہانگ کانگ اور ویتنام کے لیے بھی متعلقہ کارروائی جاری ہے۔ چین کے لیے مرغی کے پنجوں، تیار شدہ مرغی کی مصنوعات اور پاسچرائزڈ انڈوں کی مصنوعات سے متعلق درخواستیں بھی زیرِ کارروائی ہیں۔

برآمدات کے فروغ کے لیے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے ستمبر 2026 سے اگست 2028 تک کے زرعی برآمدات مارکیٹنگ پلان کے تحت بین الاقوامی نمائشوں، تجارتی وفود، کاروباری روابط اور خریداروں کے ساتھ ملاقاتوں کا اہتمام کیا جائے گا۔

منصوبے میں گلف فوڈ، سیال پیرس، سیال شنگھائی، فوڈ ایکسپو قازقستان، عمان ایگرو فوڈ، فوڈیکس جاپان اور فوڈ افریقہ سمیت اہم بین الاقوامی نمائشوں میں شرکت شامل ہے۔ کراچی میں فوڈ ایگ 2026 کو بھی ملکی برآمدکنندگان اور بین الاقوامی خریداروں کے درمیان روابط بڑھانے کے لیے اہم پلیٹ فارم کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔

حکومت کی ان کوششوں کا مقصد پاکستانی گوشت، پولٹری اور لائیو اسٹاک مصنوعات کے لیے نئی منڈیاں تلاش کرنا، برآمدات میں اضافہ کرنا اور ملکی معیشت کے لیے قیمتی زرمبادلہ حاصل کرنا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button