برطانوی ایئربیس سے بی ون بمبار طیارے احتیاطی طور پر واپس بلائے، جے ڈی وینس


واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکا نے برطانیہ کے ایئربیس سے اپنے بی ون بمبار طیارے احتیاطی طور پر واپس بلا لیے ہیں۔
جے ڈی وینس کے مطابق طیارے واپس بلانے کا فیصلہ امریکی اہلکاروں کو ممکنہ خطرے سے محفوظ رکھنے کے لیے کیا گیا۔ بی ون بمبار طیارے برطانیہ کے آر اے ایف فیئر فورڈ اڈے پر تعینات تھے اور حالیہ دنوں میں ایران کے خلاف امریکی کارروائیوں میں استعمال ہوئے تھے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب گزشتہ ہفتے برطانوی اڈے کے قریب پانچ شہریوں کو مبینہ دہشت گردانہ کارروائی کی تیاری کے شبے میں گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ بعد ازاں ایک برطانوی ایرانی شہری کو بھی حراست میں لیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق تمام مشتبہ افراد کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔ نیٹو کے فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں موجود امریکی تنصیبات کو ایران کی جانب سے شدید خطرہ لاحق ہے، تاہم ایران نے اڈے کے قریب مبینہ سازش میں ملوث ہونے کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔