آبنائے ہرمز میں کشیدگی عروج پر، عمان کے ساحل کے قریب ٹینکر کا راستہ روک دیا گیا

مسقط (جانو ڈاٹ پی کے) آبنائے ہرمز میں ایرانی فورسز کی جانب سے دھمکی دیے جانے کے بعد ایک آئل ٹینکر کو اپنا راستہ تبدیل کرکے واپس مڑنا پڑ گیا۔
برطانوی میری ٹائم ایجنسی کے مطابق پیر کے روز آبنائے ہرمز میں داخل ہونے والے ایک ٹینکر کو ایرانی پاسداران انقلاب (IRGC) نے ریڈیو کے ذریعے روکا اور ہدایت کی کہ وہ واپس مڑ جائے، بصورت دیگر جہاز کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔UKMTO کے مطابق ٹینکر کے کپتان نے ایرانی ہدایت پر عمل کرنے کی تصدیق کردی ہے۔برطانوی میری ٹائم ایجنسی نے بتایا کہ مذکورہ ٹینکر آبنائے ہرمز میں عمان کے ساحل کے قریب سے داخل ہو رہا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ایران نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ شروع ہونے کے بعد سے اہم بحری گزرگاہ آبنائے ہرمز پر اپنے کنٹرول کو مزید مضبوط کرنے کی کوشش کی ہے۔ ایران کی جانب سے ایسے بحری جہازوں کو بھی نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں جن پر تہران کی جانب سے بغیر اجازت گزرنے کا الزام عائد کیا جاتا ہے، جبکہ امریکا نے ایرانی بندرگاہوں کے خلاف جوابی بحری ناکہ بندی برقرار رکھی ہوئی ہے۔
آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمندری راستہ ہے، جس کے باعث یہاں پیدا ہونے والی کسی بھی کشیدگی کے عالمی تیل اور بحری تجارت پر اثرات مرتب ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔



