اسپیکر کے پی اسمبلی کا وزیراعظم کو خط، امن جرگہ 2025 کے مشترکہ اعلامیہ پر عملدرآمد کا مطالبہ

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر صوبائی اسمبلی کے امن جرگہ 2025 کے مشترکہ اعلامیہ پر عمل درآمد کا مطالبہ کردیا۔
اپنے خط میں بابر سلیم سواتی نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کی منظوری سے سیکیورٹی سے متعلق ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، کمیٹی نے صوبائی حکومت، گورنر، سیاسی قیادت، منتخب نمائندوں اور دیگر سے رابطہ کیا تھا، اسی مشاورتی عمل کے تسلسل میں 12 نومبر 2025 کو امن جرگہ منعقد کیا گیا۔
اسپیکر کے پی اسمبلی نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے 30 سے زائد اہم ارکان، منتخب نمائندوں اور دیگر متعلقہ فریقوں نے شرکت کی، تفصیلی غور و خوض کے بعد جرگے نے ایک مشترکہ اعلامیہ منظور کیا۔
خط میں بابر سلیم سواتی نے کہا کہ مذکورہ مشترکہ اعلامیہ مناسب غور و خوض کے لیے آپ کے دفتر کو بھی ارسال کیا گیا تھا۔



