غزہ میں جنگ بندی پھر سوالیہ نشان،اسرائیلی حملوں میں مزید4فلسطینی شہید

غزہ (جانو ڈاٹ پی کے) غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، مختلف علاقوں میں اسرائیلی فضائی اور توپ خانے کے حملوں کے نتیجے میں مزید 4 فلسطینی شہید جبکہ 19 زخمی ہوگئے۔
طبی حکام کے مطابق وسطی غزہ میں دیر البلح کے جنوب میں واقع الحووز کے علاقے میں ایک گاڑی کو اسرائیلی فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید اور 10 افراد زخمی ہوئے۔
خان یونس کے مغرب میں المواصی کے علاقے میں حمد سٹی کے شمال میں شہریوں کے ایک اجتماع پر بھی فضائی حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی جاں بحق ہوگیا۔
شمالی غزہ میں ایک اجتماع پر فضائی حملے کے نتیجے میں 4 شہری زخمی ہوئے، جبکہ غزہ سٹی کے شمال مغربی علاقے میں انجینئرز سنڈیکیٹ کے ہیڈکوارٹر کے قریب ایک شخص کو اسرائیلی توپ خانے نے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوئے، جن میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
اسرائیلی فوج کی براہ راست فائرنگ سے بھی فلسطینیوں کی ہلاکتیں ہوئیں۔ شمالی غزہ میں الیمن السعید اسپتال کے قریب ایک فلسطینی اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا۔
دیر البلح کے جنوب میں وادی السلقا میں چند روز قبل اسرائیلی فائرنگ سے اپنے خاندان کے بے گھر افراد کے خیمے میں زخمی ہونے والی 6 سالہ بچی بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق اتوار کے روز اسرائیلی فوج نے غزہ کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری رکھیں۔ المغازی پناہ گزین کیمپ کے مشرقی علاقوں اور خان یونس کے جنوبی حصوں پر اسرائیلی توپ خانے سے گولہ باری کی گئی۔
اسرائیلی بکتر بند گاڑیوں نے خان یونس کے جنوبی و مشرقی علاقوں اور شمالی بیت لاہیا کی جانب فائرنگ کی، جبکہ بحری جنگی جہازوں نے رفح اور غزہ سٹی کے ساحل کے قریب علاقوں پر گولہ باری کی۔ادھر غزہ سٹی کے مشرقی علاقوں میں اسرائیلی زمینی فوج نے رہائشی عمارتوں اور بنیادی ڈھانچے کو مسمار کرنے کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔طبی حکام کے مطابق جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کے دوران ہفتے تک کم از کم 1,445 فلسطینی جاں بحق اور 5,072 زخمی ہوچکے ہیں۔



