سہیل آفریدی نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کے پہلے مرحلے کا روٹ میپ جاری کردیا

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے پہلے مرحلے کا روٹ میپ جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ مارچ کا آغاز آج گنڈی چوک لکی مروت سے ہوگا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں سہیل آفریدی نے کہا کہ 4 اکتوبر کو دوپہر ایک بجے گنڈی چوک لکی مروت سے لانگ مارچ کے پہلے مرحلے کا آغاز کیا جائے گا۔ ان کے مطابق ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، جنوبی و شمالی وزیرستان، بنوں اور لکی مروت سے تعلق رکھنے والے افراد مارچ میں شریک ہوں گے، جبکہ قافلہ رات کو کرک کے قریب قیام کرے گا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مطابق 5 اکتوبر کو دوپہر 12 بجے کرک کے عوام مارچ میں شامل ہوں گے، جس کے بعد ساڑھے 12 بجے قافلہ روانہ ہوگا اور رات کوہاٹ کے قریب گزاری جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ 6 اکتوبر کو کوہاٹ، ہنگو، کرم اور اورکزئی سے آنے والے افراد مارچ کا حصہ بنیں گے، جبکہ قافلہ رات پشاور کے متنی کے قریب قیام کرے گا۔

سہیل آفریدی کے روٹ میپ کے مطابق 7 اکتوبر کو بڈھ بیر کے مقام پر ضلع خیبر اور پشاور کے مختلف علاقوں سے آنے والے افراد موٹروے ٹول پلازا اور کوہاٹ روڈ پل پر قافلے کا استقبال کریں گے۔ اس کے بعد رات چارسدہ انٹرچینج کے قریب گزاری جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ 8 اکتوبر کو چارسدہ اور مہمند کے عوام بھی مارچ میں شامل ہوں گے، جبکہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سے آنے والے افراد خیرآباد کے مقام پر اکٹھے ہوں گے۔ ان کے مطابق خیرآباد میں رات قیام کے بعد لانگ مارچ کے آئندہ مرحلے سے متعلق حتمی لائحہ عمل دیا جائے گا۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے لانگ مارچ کے حوالے سے واضح کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے قافلے کو اسلام آباد کی حدود میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حکومتی رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ حکومت لانگ مارچ کو اسلام آباد میں داخل ہونے سے روکے گی۔

مزید خبریں

Back to top button