جی سیون ممالک کا 4 ماہ میں 10 کروڑ بیرل تیل مارکیٹ میں لانے پر اتفاق

نیویارک (ویب ڈیسک) جی سیون ممالک نے عالمی توانائی کی منڈی میں بڑھتی قیمتوں اور اتار چڑھاؤ پر قابو پانے کے لیے ہنگامی تیل کے محفوظ ذخائر سے 4 ماہ کے دوران 10 کروڑ بیرل تیل مارکیٹ میں جاری کرنے پر اتفاق کرلیا۔

جی سیون رہنماؤں کے ورچوئل اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق تیل کے ذخائر سے مربوط انداز میں فوری طور پر مارکیٹ میں تیل لایا جائے گا، جبکہ ابتدائی 20 روز کے دوران ڈیزل کے ذخائر کا بڑا حصہ جاری کرنے کو ترجیح دی جائے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جی سیون ممالک اور ان کے شراکت دار ضرورت پڑنے پر مزید ڈیزل مارکیٹ میں لانے پر بھی غور کریں گے، جس کے لیے آئندہ دنوں میں عالمی توانائی ایجنسی کے فریم ورک کے تحت اجلاس منعقد ہوگا۔

جی سیون ممالک نے توانائی اور توانائی سے متعلق مصنوعات کی برآمد پر پابندیاں عائد کرنے سے گریز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اعلامیے میں تمام تیل پیدا کرنے والے ممالک سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جن سے عالمی توانائی مارکیٹ میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔

رہنماؤں نے ریفائنریوں کے مرمتی شیڈول کو باہمی رابطے سے ترتیب دینے پر بھی اتفاق کیا تاکہ متعدد ریفائنریاں بیک وقت بند نہ ہوں، جبکہ ممکنہ حد تک ریفائنریوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے پر زور دیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق عالمی توانائی ایجنسی کو ان اقدامات پر عملدرآمد اور ان کے اثرات کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، جبکہ 20 روز میں پیش رفت سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

جی سیون رہنماؤں نے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کے حقوق کی فوری اور مکمل بحالی پر بھی زور دیا اور اس مقصد کے لیے مشترکہ کوششیں مزید تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جی سیون روس پر عائد پابندیاں برقرار رکھے گا، جبکہ عالمی توانائی ایجنسی اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایندھن، گیس اور دیگر اجناس کی عالمی منڈیوں پر بحران کے اثرات محدود کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔

مزید خبریں

Back to top button