کراچی میں مبینہ پولیس مقابلہ، 19 سال سے گاڑیاں چوری کرنے والا ملزم ہلاک

کراچی (جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) کورنگی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) کے مبینہ پولیس مقابلے میں بین الصوبائی کار لفٹر گینگ کا ملزم ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کے 2 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ایس ایس پی اے وی ایل سی کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت در محمد بروہی ولد شیر علی کے نام سے ہوئی ہے، جو مبینہ طور پر گزشتہ 19 سال سے گاڑیوں کی چوری میں ملوث تھا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں گاڑی چوری سمیت دیگر جرائم کے 47 مقدمات درج تھے، جبکہ اسے ماضی میں 7 مرتبہ گرفتار بھی کیا جاچکا تھا۔

پولیس کے مطابق مبینہ مقابلے کے بعد ہلاک ملزم کے قبضے سے سعیدآباد تھانے کی حدود سے چوری کی گئی ایک کار اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزم گاڑی چوری کے علاوہ پولیس مقابلے، ناجائز اسلحہ اور منشیات سمیت مختلف مقدمات میں بھی ملوث رہا۔

اے وی ایل سی حکام کے مطابق مقابلے کے دوران فرار ہونے والے ملزم کے 2 ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفتیش بھی جاری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button