سوشل میڈیا پر جرمن خاتون بن کر شہریوں سے کروڑوں کا فراڈ، 4 ملزمان گرفتار

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر جرمن خاتون بن کر شہریوں کو جرمنی میں کاروبار کروانے کا جھانسہ دے کر ایک کروڑ 80 لاکھ روپے کا مبینہ فراڈ کرنے والے گروہ کے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے مطابق ملزمان سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں سے رابطہ کرتے اور خود کو جرمن خاتون ظاہر کرکے انہیں جرمنی میں کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کا لالچ دیتے تھے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر این سی سی آئی اے وہاب احمد کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں فراڈ میں 25 ملزمان کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جن میں سے 4 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق ایبٹ آباد اور اسلام آباد سے ہے، جبکہ سائبر فراڈ کے معاملے میں تمام متعلقہ بینک ریکارڈ بھی حاصل کرلیا گیا ہے۔
این سی سی آئی اے سائبر کرائم ہزارہ سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو حراست میں لیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ گروہ میں شامل دیگر ملزمان کی گرفتاری اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔



