شادی کی تیاریاں،وائٹ ہاؤس کی اسسٹنٹ پریس سیکریٹری نے عہدہ چھوڑ دیا

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ میں پریس اسسٹنٹ ایلی ایکرا نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، ایلی ایکرا نے جولائی 2025 میں ٹرمپ انتظامیہ میں شمولیت اختیار کی تھی اور ابتدا ہی سے یہ عہدہ مختصر مدت کے لیے سنبھالنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
امریکی میڈیا کے مطابق ایلی ایکرا اور ان کے منگیتر کافی عرصے سے شادی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور وہ رواں ماہ کے آخر میں شادی کے بعد انڈیانا میں ہی رہیں گی۔
انتظامیہ میں شمولیت کے بعد ایلی ایکرا نے ابتدا میں وائٹ ہاؤس ٹریول آفس میں خدمات انجام دیں، بعد ازاں انہیں وائٹ ہاؤس پریس آفس منتقل کردیا گیا، جہاں انہوں نے پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ اور دیگر اہم انتظامی عہدیداروں کے ساتھ کام کیا۔
اپنے دورِ ملازمت کے دوران ایکرا کو ٹرمپ انتظامیہ کی سرگرمیوں کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔ وہ صدر کے متعدد ملکی و غیر ملکی دوروں میں شریک رہیں اور وائٹ ہاؤس کی پریس بریفنگز، تقریبات، عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں اور دیگر اہم مواقع پر ذمہ داریاں انجام دیتی رہیں۔ وہ ایئر فورس ون پر صدارتی سفر کے دوران بھی میڈیا سے متعلق امور سنبھالتی تھیں۔
دفتر میں نوکری کے آخری روز ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے الوداعی بیان میں ایلی ایکرا نے 2016 میں ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی ریلی میں شرکت سے متعلق لکھا کہ اس وقت وہ صرف 14 برس کی تھیں اور انڈیانا میں اس ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی میں شریک ہوئی تھیں۔
ان کے مطابق وہ ’میک امریکا گریٹ اگین‘ تحریک کے گرد بننے والی توانائی سے اسی وقت متاثر ہوئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے ساتھ سفر کرنے، اوول آفس میں تاریخی صدارتی احکامات پر دستخط ہوتے دیکھنے اور روزانہ پریس کے ساتھ ان کی سرگرمیوں کا مشاہدہ کرنے کا تجربہ ان کے لیے ناقابل فراموش ہے۔
ایلی ایکرا نے مزید کہا کہ اب وہ رواں ماہ کے آخر میں شادی کے لیے اپنے آبائی علاقے انڈیانا واپس جارہی ہیں اور وائٹ ہاؤس میں گزارے وقت، ملنے والے لوگوں اور حاصل ہونے والے مواقع پر شکر گزار ہیں۔



