جھانوی کپور کیساتھ گانے کی جعلی اے آئی ویڈیو پر جونیئراین ٹی آرکا قانونی کارروائی کا اعلان

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)تیلگو سپر اسٹار نندا موری تراکا راما رائو جونیئر المعروف جونیئراین ٹی آر نے جھانوی کپور کے ساتھ انکی چٹامالے گانے کی جعلی ویڈیو بنانے پر سخت قانونی کارروائی کا اعلان کیا اور کہا کہ میں کسی کو نہیں چھوڑوں گا۔
گزشتہ چند روز سے اس گانے کی ایک اے آئی (مصنوعی ذہانت) سے تیار کردہ اور تبدیل شدہ ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر زیر گردش ہے۔ یہ گانا فلم ’دیورا: پارٹ 1 کا ہے، جس میں جونیئر این ٹی آر اور جھانوی کپور نے اداکاری کی ہے۔
ہفتے کے روز جونیئر این ٹی آر نے اس جعلی ویڈیو پر سخت ردعمل کا اظہار کیا۔ اور اس حوالے سے جاری اپنے بیان میں کہا کہ گھناؤنے، بیمار ذہنیت اور بے شرمی کی بھی انتہا ہے۔ ایک ایسے ملک میں جہاں خواتین کو ماں اور بہن سمجھا جاتا ہے، لیکن کچھ لوگ اتنی پست سطح پر آ گئے ہیں کہ وہ اے آئی کا استعمال کرتے ہوئے ایک عورت کی انتہائی توہین آمیز انداز میں تضحیک کر رہے ہیں۔ ٹیکنالوجی سے اس قدر گھٹیا چیز تخلیق کرنا شرمناک ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس جعلی ویڈیو کے پیچھے موجود لوگوں سے کہتا ہوں کہ تم میں سے کسی کو نہیں چھوڑوں گا۔ میں اسے بنانے اور اسے پھیلانے والوں کے خلاف ہر سخت قانونی کارروائی کروں گا۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ایسی ویڈیوز دیکھیں اور نہ ہی شیئر کریں۔ آج یہ کسی اور کے ساتھ ہو رہا ہے، کل یہ آپ کی ماں، بہن، بیوی یا بیٹی کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک سنگین مسئلہ ہے اور تمام ریاستی حکومتوں اور حکومت ہند سے اپیل ہے کہ وہ اے آئی کے غلط استعمال کے خلاف سخت اقدامات کریں۔
یاد رہے کہ یہ گانا 2024 میں ریلیز ہوا تھا۔ انیرودھ روی چندر نے اس کی موسیقی ترتیب دی تھی۔ مختلف زبانوں اور ناموں سے ریلیز کیا گیا، جن میں تیلگو میں چٹامالے کے نام سے شامل ہے۔



