بچوں کی ذہنی نشوونما کیلئے خوشگوار تعلیمی ماحول ضروری ہے، ڈپٹی کمشنر ننکانہ

ننکانہ صاحب (رپورٹ: رضوان سلطان/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب رعنا حمید نے کہا ہے کہ بچوں کی ذہنی اور فکری نشوونما کے لیے انہیں خوشگوار اور سازگار ماحول فراہم کرنا ضروری ہے، جبکہ تعلیم و تربیت کے ذریعے ہی معاشرے ترقی کی راہ پر گامزن ہوتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پبلک سکول (DPS) ننکانہ صاحب کے دورے کے دوران نرسری بلاک کی تزئین و آرائش کے منصوبے کی تکمیل کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے نرسری بلاک میں بچوں کے لیے فراہم کی گئی سہولیات اور دیگر انتظامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کلاس رومز اور مختلف حصوں میں بچوں کی ضروریات کے مطابق کیے گئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ نرسری بلاک کو بچوں کی دلچسپی اور ذہنی نشوونما کو مدنظر رکھتے ہوئے خوبصورت رنگوں اور ضروری سامان سے آراستہ کیا گیا ہے، جبکہ بچوں کے لیے تعلیمی اور تفریحی کھلونوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر رعنا حمید نے بچوں کے لیے بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی اور سکول میں سہولیات کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔



