مسجد نبوی ﷺ کے زائرین کے لیے بڑی سہولت، نیا فاسٹ ٹریک بس روٹ متعارف

مدینہ منورہ (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں مدینہ بس سروس کے نیٹ ورک میں فاسٹ ٹریک روٹ نمبر 300 شامل کردیا گیا، جس کے ذریعے حرمین ہائی اسپیڈ ریلوے اسٹیشن سے مسجد نبوی ﷺ تک براہِ راست سفری سہولت فراہم کی جائے گی۔

سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق مدینہ منورہ ترقیاتی اتھارٹی کے زیر انتظام مدینہ بس سروس نے زائرینِ مسجد نبوی ﷺ اور شہریوں کی سہولت کے لیے نئے روٹ کا آغاز کیا ہے۔

نیا فاسٹ ٹریک روٹ حرمین ہائی اسپیڈ ریلوے اسٹیشن سے مسجد نبوی ﷺ کے مرکزی اسٹیشن تک چلایا جائے گا، جس سے جدہ اور مکہ مکرمہ سے ٹرین کے ذریعے مدینہ منورہ آنے والے مسافروں کو براہِ راست مسجد نبوی ﷺ تک پہنچنے میں آسانی ہوگی۔

روٹ نمبر 300 کے ذریعے ریلوے اسٹیشن سے مسجد نبوی ﷺ کے مرکزی علاقے تک سفر مزید سہل ہونے کی توقع ہے، خصوصاً ان زائرین کے لیے جو حرمین ٹرین کے ذریعے شہر میں داخل ہوتے ہیں۔

مدینہ بس سروس کو شہر میں شہریوں اور زائرین کے لیے اہم سفری سہولت تصور کیا جاتا ہے، جبکہ رمضان المبارک اور حج سیزن کے دوران اس کی افادیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ بس سروس مدینہ منورہ میں مقیم غیر ملکیوں کے لیے بھی روزمرہ آمدورفت میں معاون ثابت ہوتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button