پاکستانی شہریوں کے قتل پر بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، باضابطہ احتجاج

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) بیدیاں سیکٹر میں بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس کی فائرنگ سے دو پاکستانی شہریوں کی ہلاکت پر وزارت خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرادیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق بھارتی بی ایس ایف اہلکاروں کی جانب سے دو پاکستانی شہریوں کی ہلاکت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے واقعے کی فوری، شفاف اور قابلِ اعتماد تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز نے نہتے شہریوں کے خلاف بلااشتعال طاقت کا استعمال کیا، جو پاکستان کے مطابق بلاجواز اور غیر متناسب تھا۔ پاکستان نے جاں بحق افراد کو درانداز قرار دینے کی کوشش کو بھی مسترد کرتے ہوئے اسے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔
ترجمان کے مطابق پاکستان نے بھارتی حکام پر واضح کیا کہ ایسے واقعات بین الاقوامی قانون کے تحت شہریوں کے تحفظ سے متعلق سنگین خدشات پیدا کرتے ہیں۔
دفتر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف مناسب محکمانہ اور قانونی کارروائی کی جائے اور تحقیقات کے نتائج سمیت کیے گئے اقدامات سے پاکستان کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے۔
پاکستان نے بھارت پر زور دیا کہ وہ بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کا احترام یقینی بنائے، جبکہ دوطرفہ معاہدوں اور سرحدی امور سے متعلق طے شدہ طریقہ کار پر بھی عمل کیا جائے۔



