لوہان پریٹوریئس نے کرس گیل کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا

جنوبی افریقہ (ویب ڈیسک) جنوبی افریقی کرکٹر لوہان ڈرے پریٹوریئس نے مینز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے بڑے انفرادی اسکور کا کرس گیل کا ریکارڈ توڑتے ہوئے نئی تاریخ رقم کردی۔
20 سالہ پریٹوریئس نے جنوبی افریقہ کی ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی لیگ میں ٹائٹنز کی نمائندگی کرتے ہوئے نائٹس کے خلاف صرف 79 گیندوں پر ناقابلِ شکست 188 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
بائیں ہاتھ کے اوپنر نے اپنی دھواں دار اننگز کے دوران 15 چوکے اور 13 چھکے لگائے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے سے صرف 12 رنز کی دوری پر رہے۔
پریٹوریئس نے اپنی اس اننگز کے ذریعے کرس گیل کا 2013 میں قائم کیا گیا ریکارڈ توڑ دیا۔ گیل نے آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلورو کی جانب سے پونے واریئرز کے خلاف 66 گیندوں پر ناقابلِ شکست 175 رنز بنائے تھے۔
پریٹوریئس کی غیر معمولی اننگز کی بدولت ٹائٹنز نے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 267 رنز بنائے، جو سی ایس اے ٹی ٹوئنٹی چیلنج کی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔



