بسنت کا اعلان ہوتے ہی لاہور میں چھتوں کی ایڈوانس بکنگ شروع،کرائے آسمان پر

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) پنجاب حکومت کی جانب سے بسنت 2027 کے شیڈول کے اعلان کے بعد لاہور میں بسنت کے لیے چھتوں کی ایڈوانس بکنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، جبکہ اندرون لاہور سمیت مختلف علاقوں میں شہری چھتیں بک کرانے اور کرائے پر لینے کے لیے رابطے کر رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بسنت کی تاریخوں کے اعلان کے بعد اندرون لاہور میں شہریوں کی آمدورفت میں اضافہ ہوا ہے۔ بعض شہری خاندانوں کے ہمراہ بسنت کے لیے مناسب چھتوں کا جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ چھتوں کے مالکان نے بھی ممکنہ طلب کے پیش نظر مرمت اور دیگر انتظامات شروع کر دیے ہیں۔
پنجاب حکومت نے لاہور میں آئندہ بسنت کے لیے 29 جنوری سے 7 فروری 2027 تک کا شیڈول منظور کیا ہے، تاہم 5 فروری کو کشمیر ڈے کے باعث بسنت کی تقریبات میں ایک روز کا وقفہ ہوگا۔ حکومت نے ضلعی انتظامیہ کو شہریوں کی حفاظت اور سہولت کے لیے پیشگی انتظامات کی ہدایت بھی کی ہے۔
دوسری جانب محفوظ بسنت کے لیے چھتوں کی ساخت، حفاظتی انتظامات اور دیگر ضوابط پر بھی زور دیا گیا ہے۔ لاہور انتظامیہ کے مطابق غیر محفوظ یا خستہ حال چھتوں پر پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ مجاز مقامات پر ضروری حفاظتی اقدامات مکمل کرنا لازم ہوگا۔



