بھارتی گلوکارہ شلپا راؤ نے نور جہاں کا گانا گا کر دل جیت لیے

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) بھارتی گلوکارہ شلپا راؤ نے ملکۂ ترنم نور جہاں کی 100ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کا مشہور گانا ’نیتِ شوق‘ گا کر محبت کا اظہار کیا ہے۔
شلپا راؤ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہیں نور جہاں کا معروف گانا ’نیتِ شوق‘ گاتے ہوئے دیکھا اور سنا جا سکتا ہے۔ویڈیو کے ساتھ اپنے پیغام میں شلپا راؤ نے لکھا کہ 21 ستمبر کو نور جہاں کی سالگرہ تھی، جبکہ 2026ء ان کی پیدائش کی 100ویں سالگرہ کا سال ہے۔ انہوں نے اس موقع پر عظیم پاکستانی گلوکارہ کے لیے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کیا۔شلپا راؤ کی جانب سے نور جہاں کو پیش کیے گئے اس خراجِ عقیدت نے پاکستان اور بھارت سمیت دونوں ممالک کے موسیقی کے شائقین کی توجہ حاصل کرلی، جبکہ سوشل میڈیا صارفین نے بھی لیجنڈری پاکستانی گلوکارہ کو یاد کرنے پر بھارتی گلوکارہ کو سراہا۔ملکۂ ترنم نور جہاں کا شمار برصغیر کی عظیم گلوکاراؤں میں ہوتا ہے۔ ان کے انتقال کو کئی برس گزرنے کے باوجود ان کی آواز، گائیکی اور موسیقی آج بھی شائقین کے دلوں میں زندہ ہے۔



