ایشین گیمز2026،پاکستان نے پہلا سلور میڈل جیت لیا، اسکواش ٹیم فائنل میں شکست

ناگویا (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان نے 20ویں ایشین گیمز ایچی ناگویا 2026 میں پہلا سلور میڈل حاصل کرلیا۔مینز اسکواش ٹیم ایونٹ کے گولڈ میڈل کے فائنل میں پاکستان کو ملائیشیا کے ہاتھوں 0-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔فائنل کے پہلے میچ میں امیشن راج چندرن نے ناصر اقبال کو 41 منٹ کے مقابلے کے بعد 1-3 سے شکست دی، جبکہ دوسرے میچ میں ایون یونگ نے عالمی انڈر 23 چیمپئن نور زمان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-3 سے ہرا دیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان مقابلہ 53 منٹ تک جاری رہا۔سیمی فائنل میں پاکستان نے ہانگ کانگ چائنا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی، جبکہ ملائیشیا نے ٹاپ سیڈ اور دفاعی چیمپئن بھارت کو شکست دے کر اپ سیٹ کیا تھا۔پاکستان اس سے قبل مینز اسکواش کے انفرادی ایونٹ میں دو برانز میڈلز بھی حاصل کرچکا ہے۔ نور زمان اور محمد اشعب عرفان نے سیمی فائنل میں پہنچ کر پاکستان کے لیے کانسی کے تمغے یقینی بنائے تھے۔یوں پاکستان ایشین گیمز 2026 میں اب تک 5 برانز اور ایک سلور میڈل حاصل کرچکا ہے، جبکہ مینز کرکٹ ٹیم کے فائنل میں پہنچنے کے باعث پاکستان کا ایک اور میڈل بھی یقینی ہوچکا ہے۔



