پاکستان ہاکی کے عظیم کھلاڑی خواجہ ذکا الدین89برس کی عمر میں چل بسے

 لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان ہاکی کے معروف کھلاڑی اور سابق اولمپین خواجہ ذکا الدین 89 برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کرگئے۔خواجہ ذکا الدین 27 اکتوبر 1936 کو جالندھر میں پیدا ہوئے اور 1958 سے 1966 تک پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 56 انٹرنیشنل میچز میں 26 گول اسکور کیے۔

وہ 1964 کے ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان ہاکی ٹیم کا حصہ تھے، جبکہ 1958 کے ٹوکیو ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والی قومی ٹیم کے رکن بھی رہے۔

خواجہ ذکا الدین نے 1962 کے جکارتہ ایشین گیمز میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی، جہاں قومی ٹیم نے سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ 1966 کے بینکاک ایشین گیمز میں وہ سلور میڈل جیتنے والی پاکستانی ٹیم کا حصہ تھے۔ یوں انہیں مسلسل تین ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہوا۔کھیل سے ریٹائرمنٹ کے بعد خواجہ ذکا الدین نے پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ، چیف سلیکٹر اور منیجر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔ ہاکی کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں صدارتی تمغہ حسنِ کارکردگی سے نوازا تھا۔ خواجہ ذکا الدین 2009 میں ٹریفک پولیس سے بطور ڈی ایس پی ریٹائر ہوئے تھے۔ ان کے خاندان کا بھی ہاکی سے گہرا تعلق رہا؛ سابق اولمپین توقیر ڈار ان کے داماد تھے جبکہ ان کے صاحبزادے بھی ہاکی سے وابستہ رہے۔پاکستان ہاکی میں خواجہ ذکا الدین کی خدمات کئی دہائیوں پر محیط رہیں اور وہ قومی کھیل کے ان کھلاڑیوں میں شمار ہوتے تھے جنہوں نے میدان میں کھلاڑی اور بعد ازاں کوچنگ و انتظامی ذمہ داریوں کے ذریعے بھی خدمات انجام دیں۔

مزید خبریں

Back to top button