ایران امریکا کشیدگی میں پاکستان کا اہم کردار، واشنگٹن سے تازہ رابطہ ہوچکا، دفتر خارجہ نے بڑا بیان دیدیا

 اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لیے پاکستان اپنا سفارتی کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ امریکی قیادت سے رواں ہفتے پاکستان کا آخری رابطہ بھی ہوچکا ہے۔ترجمان کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان سفارتی رابطوں کے حوالے سے پاکستان مختلف سطحوں پر دونوں ممالک کے ساتھ رابطے میں ہے اور یہ سلسلہ برقرار ہے۔ پاکستان پہلے بھی واضح کرچکا ہے کہ ایران امریکا تنازع کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

افغانستان سے متعلق حالیہ فضائی حملوں کے بعد پاکستان اور افغانستان کے درمیان سفارتی رابطوں کے سوال پر ترجمان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف سطحوں پر رابطے موجود ہیں۔

ایران پر امریکی پابندیوں کے حوالے سے اپنے سابقہ ریمارکس کی وضاحت کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ان سے منسوب بعض بیانات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، اس لیے ان پرانے ریمارکس کی وضاحت ضروری ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان عالمی برادری کا ذمہ دار رکن ہے اور تمام قابلِ اطلاق پابندیوں کے نظام کی پاسداری کرتا ہے۔ پاکستان بین الاقوامی اور ملکی قوانین کے مطابق پابندیوں سے متعلق اپنی ذمہ داریاں پوری کرتا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان کثیرالجہتی نظام اور بین الاقوامی قانون پر مبنی عالمی نظام سے وابستگی کا اعادہ کرتا ہے اور تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مسلسل اور تعمیری رابطے میں ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ دیرینہ اور کثیرالجہتی اسٹریٹجک شراکت داری کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور واشنگٹن کے ساتھ طویل عرصے سے قائم سفارتی، اقتصادی اور سکیورٹی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔پاکستان اس سے قبل بھی ایران امریکا کشیدگی میں ثالثی اور سہولت کاری کے کردار پر زور دیتا رہا ہے، جبکہ دفتر خارجہ کے مطابق دونوں فریقوں کے ساتھ پاکستان کے روابط نے اسے اس سفارتی عمل میں کردار ادا کرنے کی گنجائش فراہم کی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button