مذاکرات کی دعوت پر اپوزیشن کا جواب آگیا، اچکزئی نے شرط بھی بتادی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)اپوزیشن اتحاد نے حکومت کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش پر بات چیت کے لیے رضامندی ظاہر کردی ہے، جس کے بعد حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی رابطوں میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اس سے قبل اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کو براہِ راست مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں۔
اپوزیشن اتحاد کا اہم اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا، جس میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، اسد قیصر، اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔اجلاس میں لانگ مارچ کی صورتحال، حکومتی اقدامات اور اپوزیشن کی آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔حکومت کی مذاکرات کی پیشکش بھی اجلاس کا اہم موضوع رہی، جس پر اپوزیشن اتحاد نے حکومت کے ساتھ بات چیت کے لیے آمادگی ظاہر کی۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے موصول ہونے والے خط کا جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ملاقات کے لیے وزیراعظم آفس یا وزیراعظم ہاؤس نہیں جائیں گے۔اچکزئی کے مطابق وزیراعظم اگر مذاکرات کرنا چاہتے ہیں تو کسی دوسری جگہ ملاقات ہوسکتی ہے، حتیٰ کہ وہ درخت کے نیچے بیٹھ کر بات کرنے پر بھی آمادہ ہیں، تاہم وزیراعظم آفس جانے کے لیے تیار نہیں۔



