3مشتبہ وینز،5گرفتاریاں اور ایران کا نام،فیئر فورڈ واقعے نے نیا رخ اختیار کرلیا

لندن (جانو ڈاٹ پی کے) برطانوی وزیراعظم اینڈی برنہم نے کہا ہے کہ انگلینڈ میں امریکی استعمال والے فوجی اڈے آر اے ایف فیئر فورڈ کے قریب پیش آنے والے حالیہ سیکیورٹی واقعے میں ایران کے ملوث ہونے کے مضبوط اشارے موجود ہیں، تاہم معاملے کی تحقیقات تاحال جاری ہیں۔
اینڈی برنہم نے بی بی سی سے گفتگو میں کہا کہ برطانوی اور امریکی حکام واقعے کی مشترکہ تحقیقات کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایران کے ممکنہ کردار کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم کرنے سے گریز کیا اور کہا کہ معاملہ پیچیدہ اور سنگین نوعیت کا ہے۔
یہ واقعہ 27 ستمبر کو اس وقت سامنے آیا جب فیئر فورڈ کے قریب تین مشتبہ وینز کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی کی۔ پانچ برطانوی شہریوں کو دھماکا خیز مواد سے متعلق جرائم اور دہشت گردی کی تیاری کے شبہے میں گرفتار کیا گیا، بعدازاں انہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا، جبکہ تحقیقات جاری ہیں۔
تلاشی کے دوران مشتبہ گاڑیوں سے پٹرول ملنے کی اطلاع سامنے آئی، تاہم پولیس کے مطابق کوئی دھماکا خیز مواد برآمد نہیں ہوا۔ واقعے کے دوران قریبی علاقے کے تقریباً 85 گھروں کو احتیاطی طور پر خالی بھی کرایا گیا تھا۔
دوسری جانب ایران نے واقعے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق برطانوی الزام بے بنیاد ہے، جبکہ برطانوی حکام نے واضح کیا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک واقعے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں لائی جاسکتیں۔



