کاک پٹ میں حملہ، طیارہ ہزاروں فٹ نیچے آگیا، زخمی کپتان نے خاموشی توڑ دی

دبئی (جانو ڈاٹ پی کے) متحدہ عرب امارات سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز FZ1073 میں پیش آنے والے ڈرامائی واقعے کے زخمی بھارتی کپتان سمِت مچھچھار کا پہلا بیان سامنے آگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کپتان نے اپنے بیان میں مشکل وقت میں ساتھ دینے والے ساتھیوں، مسافروں اور عملے کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بطور پائلٹ انہوں نے اپنی ذمہ داری انجام دی اور شکر گزار ہیں کہ طیارہ بحفاظت لینڈ کر گیا اور تمام مسافر محفوظ رہے۔

واضح رہے کہ 30 ستمبر کو دبئی سے تل ابیب جانے والی پرواز FZ1073 میں کاک پٹ کے اندر دونوں پائلٹس کے درمیان شدید جھگڑا ہوا تھا۔ اسرائیلی حکام کے مطابق معاون پائلٹ نے کپتان پر مبینہ طور پر چاقو سے حملہ کیا، تاہم واقعے کے محرکات اور پسِ پردہ عوامل کی تحقیقات جاری ہیں۔

واقعے کے دوران طیارہ اچانک تقریباً 33 ہزار فٹ سے 17 ہزار فٹ کی بلندی تک نیچے آیا اور ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا گیا۔ زخمی ہونے کے باوجود کپتان نے کاک پٹ کا دروازہ کھولنے میں مدد کی، جس کے بعد مسافروں اور عملے نے حملہ آور کو قابو کرنے میں کردار ادا کیا۔ طیارے میں موجود اضافی فلائی دبئی عملے نے بعد ازاں کنٹرول سنبھالا اور طیارے کو سعودی عرب کے تبوک ایئرپورٹ پر بحفاظت اتارا۔

پرواز میں 174 افراد سوار تھے۔ دونوں پائلٹس زخمی ہوئے اور انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ بھارتی سفارتخانے کے مطابق کپتان سمِت مچھچھار کی حالت مستحکم ہے۔

مزید خبریں

Back to top button