سمے رائنا اور مداح کا دلچسپ مکالمہ،ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

ممبئی (جانو ڈاٹ پی کے)بھارتی کامیڈین سمے رائنا اور ان کے ایک مداح کے درمیان دلچسپ لمحے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر صارفین کی توجہ حاصل کر رہی ہے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک مداح سمے رائنا کے ساتھ تصویر بنوانے کے لیے ان کے پاس آتا ہے، تاہم تصویر بنواتے وقت وہ انتہائی سنجیدہ چہرہ بنا کر کھڑا ہوجاتا ہے۔ مداح کا دوست دونوں کی تصویر بیک کیمرے سے بناتا ہے جبکہ قریب موجود پیپارازی بھی اس لمحے کو کیمرے میں محفوظ کرنے لگتے ہیں۔
مداح کے سنجیدہ تاثرات دیکھ کر سمے رائنا بھی خاموش نہ رہ سکے اور مزاحیہ انداز میں اس سے پوچھا، ’’بھائی ایسا چہرہ کیوں بنایا ہوا ہے؟ ایسا لگ رہا ہے میں تمہارا فین ہوں اور تمہارے ساتھ تصویر لے رہا ہوں۔‘‘
سمے رائنا کا جملہ سنتے ہی وہاں موجود پیپارازی قہقہے لگانے لگے، جبکہ مداح کو بھی اپنی سنجیدہ شکل کا احساس ہوگیا۔ اس نے فوراً اپنے تاثرات تبدیل کیے اور مسکراتے ہوئے دوبارہ تصویر بنوائی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس مختصر ویڈیو کو صارفین کی جانب سے دلچسپ ردعمل مل رہا ہے اور سمے رائنا کا برجستہ انداز بھی خاص طور پر توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔



