ایاز صادق اور بیرسٹر گوہر کی اہم ملاقات آج، لانگ مارچ سمیت سیاسی امور پر گفتگو متوقع

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان کے درمیان آج اہم ملاقات طے ہے، جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور پارلیمانی امور سمیت لانگ مارچ سے متعلق معاملات پر گفتگو متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں بیرسٹر گوہر پی ٹی آئی کے گرفتار ارکان اور مزید گرفتاریوں سے متعلق پارٹی ارکان کے تحفظات سے اسپیکر قومی اسمبلی کو آگاہ کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان لانگ مارچ کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال ہوگا، جبکہ موجودہ سیاسی صورتحال اور پارلیمانی امور بھی ملاقات کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔
بیرسٹر گوہر اور ایاز صادق کے درمیان اس ملاقات سے قبل گزشتہ روز ٹیلی فون پر بھی گفتگو ہوئی تھی۔ قومی اسمبلی کے ریکارڈ کے مطابق اسپیکر ایاز صادق ماضی میں اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات اور پارلیمانی رابطوں کے لیے بات چیت کی اہمیت پر زور دے چکے ہیں۔



