کشمیر کونسل کی 4 خالی نشستوں پر انتخابی عمل شروع، کاغذات نامزدگی کل جمع ہوں گے

مظفرآباد (جانوڈاٹ پی کے) آزاد جموں و کشمیر کونسل کی چار خالی نشستوں پر انتخابات کے لیے کاغذاتِ نامزدگی کل یکم اکتوبر جمع کرائے جائیں گے۔
انتخابی شیڈول کے مطابق امیدوار اپنے کاغذاتِ نامزدگی صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک سیکرٹری الیکشن کمیشن کے پاس جمع کراسکیں گے، جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال 2 اکتوبر کو ہوگی۔ کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 5 اکتوبر کو دائر کی جاسکیں گی، جن پر 6 اکتوبر کو سماعت اور فیصلے ہوں گے۔
امیدوار 7 اکتوبر تک کاغذاتِ نامزدگی واپس لے سکیں گے، جبکہ امیدواروں کی حتمی فہرست 9 اکتوبر کو جاری کی جائے گی۔ چاروں نشستوں پر پولنگ 12 اکتوبر 2026 کو آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی ہال میں ہوگی، جس کا وقت صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔ پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا اعلان بھی کیا جائے گا۔
مسلم لیگ (ن) نے چار میں سے تین نشستوں پر اپنے امیدوار نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق مظفرآباد سے چودھری منظور احمد، میرپور سے چودھری سعید اور باغ سے مشتاق احمد منہاس مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ہوں گے۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی نے کونسل کی نشست کے لیے چودھری لطیف اکبر کو امیدوار نامزد کیا ہے۔
یوں آزاد جموں و کشمیر کونسل کی چار خالی نشستوں کے لیے انتخابی عمل کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے اور امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع ہونے کے بعد اگلے مرحلے میں ان کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔



