کیلیفورنیا میں عیدالفطراورعیدالاضحیٰ کو سرکاری تعطیلات کے طور پر تسلیم کرنے کا قانون منظور

کیلیفورنیا(جانوڈاٹ پی کے)امریکی ریاست کیلیفورنیا نے مسلمان کمیونٹی کے لیے تاریخی اقدام کرتے ہوئے اسلامی تہواروں عید الفطراورعیدالاضحیٰ پر تعطیلات کو سرکاری تعطیلات قرار دے دیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق گورنرکیلی فورنیا گیون نیوسم نے اسمبلی بل پر دستخط کردیے ہیں جس کے بعد یہ قانون بن گیا ہے۔
امریکی مسلمانوں کی تنظیم کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز (CAIR-CA) کیلیفورنیا نے قانون کی منظوری کا خیر مقدم کیا ہے۔
اس قانون کے تحت عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کو ریاستی قانون میں باقاعدہ طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں رہنے والے لاکھوں مسلمانوں کو درپیش ایک دیرینہ مسئلےکا بھی حل نکالا گیا ہےکیونکہ عیدین کے موقع پر انہیں نماز کی ادائیگی اور اسکول یا ملازمت پر حاضری کے درمیان کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑتا تھا۔
قانون کے تحت کیلیفورنیا کے مسلمان ملازمین پہلے سے حاصل شدہ چھٹی کے حق کو استعمال کرتے ہوئے عیدکی تعطیلات مناسکیں گے۔
عید کی تعطیلات کو سرکاری طورپر تسلیم کیے جانے سے متعلق اس قانون کو مارچ کے آغاز میں اسمبلی ممبر میٹ ہینی نے منظوری کے لیے پیش کیا تھا۔میٹ ہینی کا کہنا تھا کہ کیلیفورنیا ملک کی سب سے بڑی اور متحرک ترین مسلم کمیونٹی کا گھر ہے اور ان کی روایات احترام کی حقدار ہیں۔



