پٹرولیم لیوی ختم، پٹرول سستا کرائیں گے، حافظ نعیم الرحمٰن کا بڑا اعلان

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ بہت جلد پٹرولیم لیوی ختم کرائیں گے اور پٹرول کی قیمت بھی کم کرائیں گے۔
کراچی ایکسپو سینٹر میں الخدمت کراچی کے تحت منعقدہ کراچی یوتھ سمٹ 2026 سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ کراچی یوتھ سمٹ نوجوانوں کے لیے امید کا پیغام ہے۔ تقریب میں ان کی آمد پر شاندار استقبال کیا گیا، آتش بازی کی گئی اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے، جبکہ انہوں نے شرکاء کے ہمراہ قومی ترانہ بھی پڑھا۔
امیر جماعت اسلامی نے حکومتی کارکردگی اور گورننس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ایک طرف اشرافیہ اور دوسری جانب عام عوام ہیں، دونوں طبقات کے درمیان بہت بڑا فرق موجود ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے کی آمدن سے براہ راست ٹیکس وصول کیا جاتا ہے جبکہ بجلی کے بلوں اور پٹرول پر بھی مختلف ٹیکس عائد ہیں۔ ان کے مطابق عوام پر پٹرولیم لیوی کے نام پر اضافی بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔
انہوں نے حکومت اور ریفائنری مافیا پر عوام کو مشکلات میں مبتلا کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اشرافیہ کو بجلی اور پٹرول کی بڑھتی قیمتوں کا وہ اثر برداشت نہیں کرنا پڑتا جو عام آدمی کو کرنا پڑتا ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومتی اخراجات پر بھی تنقید کی اور پنجاب میں نئے طیارے کی خریداری اور 607 بلٹ پروف گاڑیوں کے ٹینڈر کا حوالہ دیا۔
انہوں نے ایف بی آر میں 1300 ارب روپے کی کرپشن کا دعویٰ بھی کیا، تاہم اس دعوے کی آزادانہ تصدیق فراہم نہیں کی گئی۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں میں جاگیرداروں اور وڈیروں کی موجودگی، آئل مافیا، بینک مافیا اور آئی پی پیز کے معاملات پر بھی تنقید کی۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں خاندانوں اور شخصیات کی سیاست بہت ہوچکی، اب عوام کو حقیقی ریلیف دینا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ان مافیاز سے آزاد ہے اور بہت جلد عوام کو خوشخبری دیں گے۔نوجوانوں کے حوالے سے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تیزی سے تبدیلیاں آرہی ہیں اور جماعت اسلامی نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مختلف کورسز کرا رہی ہے۔



