امریکی سٹوڈنٹ ویزہ کیلئے جعلی دستاویزات دینا پاکستانی کو مہنگا پڑگیا،امریکا نے گرفتار کرادیا

لاہور(جانو ڈاٹ پی کے)ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے امریکی اسٹوڈنٹ ویزا حاصل کرنے کے لیے مبینہ طور پر جعلی دستاویزات جمع کرانے والے امیدوار کو گرفتار کرلیا۔امریکی سفارت خانے سے موصول ہونے والی شکایت پر کارروائی کی گئی۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ملزم نے ویزا پراسیسنگ کے لیے لاہور میں قائم ایک ایجوکیشنل کنسلٹینسی کے ذریعے مبینہ طور پر 2 لاکھ روپے ادا کیے تھے۔تحقیقات کے مطابق امریکی اسٹوڈنٹ ویزا کی درخواست کے ساتھ جعلی بینک اسٹیٹمنٹس، ایف بی آر ٹیکس ریکارڈ اور دیگر دستاویزات تیار کرکے امریکی سفارت خانے میں جمع کرائی گئیں، تاہم جانچ پڑتال کے دوران یہ دستاویزات جعلی ثابت ہوئیں۔ایف آئی اے کے مطابق ملزم اور اس کے ایجنٹ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ کیس میں ملوث دیگر مبینہ سہولت کاروں اور عناصر کے کردار کا بھی تعین کیا جا رہا ہے۔



