ہمارا تیل بند ہوا تو خطے کا کوئی ملک تیل نہیں بیچ سکے گا،ایران کی امریکا کو بڑی دھمکی

تہران (جانو ڈاٹ پی کے) ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکا اور دیگر ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران کو تیل فروخت کرنے سے روکا گیا تو خطے کا کوئی دوسرا ملک بھی تیل فروخت نہیں کر سکے گا۔ایرانی سرکاری خبررساں ادارے IRNA کے مطابق پارلیمنٹ کے اجلاس میں محمد باقر قالیباف نے کہا کہ امریکا اور دیگر ممالک کو جان لینا چاہیے کہ جس خطے میں ایران تیل فروخت نہیں کرسکتا، وہاں کوئی دوسرا ملک بھی تیل فروخت نہیں کرے گا۔
قالیباف نے مزید کہا کہ اگر ایران کی سلامتی یقینی نہیں بنائی گئی تو خطے میں کوئی بھی انفرااسٹرکچر محفوظ نہیں رہے گا۔ انہوں نے امریکا کو خبردار کیا کہ ایران پر مزید دباؤ یا کسی کارروائی کے نتائج سامنے آسکتے ہیں۔
ایرانی اسپیکر کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب تہران اور واشنگٹن کے درمیان آبنائے ہرمز اور تیل کی برآمدات کے معاملے پر شدید کشیدگی برقرار ہے۔ دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ قطر کے ذریعے امریکا تک ایران کی تجاویز پہنچائی جائیں گی، جن میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کی شرائط بھی شامل ہیں۔قالیباف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آبنائے ہرمز پر امریکی کنٹرول سے متعلق بیانات کو بھی مسترد کرتے ہوئے انہیں سابقہ امریکی دعوؤں کا اعادہ قرار دیا۔
ایرانی حکام کے مطابق تہران آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھولنے کو اپنی شرائط کی تکمیل سے مشروط قرار دے رہا ہے، جبکہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان ثالثوں کے ذریعے رابطے بھی جاری ہیں۔علاقائی کشیدگی کے اثرات عالمی توانائی منڈیوں پر بھی نمایاں ہیں۔ رائٹرز کے مطابق مشرق وسطیٰ سے تیل کی برآمدات ستمبر میں بہتر ہوئی ہیں، تاہم خطے کی مجموعی برآمدات جنگ سے قبل کی سطح سے اب بھی کم ہیں۔



