پاکستان میں لیتھیم کے حصول کی راہ ہموار، او جی ڈی سی ایل اور پی اے ای سی کے ادارے میں اہم معاہدہ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے درمیان لیتھیم کے حصول کے منصوبے میں سائنسی و تجزیاتی تعاون کے لیے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔اعلامیے کے مطابق پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے ذیلی ادارے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے او جی ڈی سی ایل کو مختلف عناصر کی جانچ، تجزیے اور تابکار عناصر کی شناخت کے لیے تکنیکی خدمات فراہم کی جائیں گی۔معاہدے کی دستخطی تقریب او جی ڈی سی ایل کے مرکزی دفتر میں ہوئی، جس میں ممبر سائنس پی اے ای سی ڈاکٹر شکیل عباس روفی اور ایم ڈی و سی ای او او جی ڈی سی ایل احمد حیات لک سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ڈی جی پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر قمر الحق اور جنرل منیجر سپلائی چین او جی ڈی سی ایل اعجاز عباس رضوی نے معاہدے پر دستخط کیے۔اس موقع پر سربراہ سپیکٹرو میٹری گروپ منیب احمد شفیق نے عناصر کے تجزیے اور متعلقہ سائنسی صلاحیتوں کے بارے میں بریفنگ دی۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں اداروں کے درمیان یہ تعاون پاکستان کے معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے میں معاون ثابت ہوگا، جبکہ قومی وسائل کی ترقی اور پائیدار قومی اہداف کے حصول کی جانب بھی اسے اہم قدم قرار دیا گیا ہے۔



