پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں اچانک مندی، 100 انڈیکس 825 پوائنٹس گر گیا

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز شدید اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا، ابتدائی تیزی کے بعد مارکیٹ اچانک مندی کی لپیٹ میں آگئی اور 100 انڈیکس 825 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ بند ہوا۔
کاروبار کے آغاز پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھی گئی اور 500 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے بعد 100 انڈیکس ایک لاکھ 70 ہزار 944 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
تاہم دورانِ ٹریڈنگ صورتحال تبدیل ہوگئی اور مارکیٹ میں اچانک مندی چھا گئی، جو کاروبار کے اختتام تک برقرار رہی۔
کاروباری روز کے اختتام پر 100 انڈیکس 825 پوائنٹس کمی کے بعد ایک لاکھ 69 ہزار 600 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر بھی 100 انڈیکس 339 پوائنٹس کی کمی کے بعد ایک لاکھ 70 ہزار 425 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔



