ٹرائی سیریز سے قبل انگلینڈ کو بڑا دھچکا، کپتان جوز بٹلر دورہ پاکستان سے قبل ہیمسٹرنگ انجری کا شکار

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) انگلینڈ کے وائٹ بال کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر ہیمسٹرنگ انجری کے باعث آئندہ ماہ پاکستان میں ہونے والی ون ڈے ٹرائی سیریز سے باہر ہوگئے ہیں، جبکہ نومبر میں آسٹریلیا کے دورے میں ان کی شرکت بھی مشکوک ہوگئی ہے۔

جوز بٹلر سری لنکا کے خلاف ہیڈنگلے میں کھیلے گئے میچ کے دوران انجری کا شکار ہوئے۔ انہوں نے کچھ دیر بعد دوبارہ بیٹنگ کی کوشش کی، تاہم تکلیف کے باعث مزید کھیل جاری نہ رکھ سکے۔

انگلینڈ کی ٹیم انتظامیہ کی جانب سے بٹلر کی انجری کی شدت کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جس کے بعد ان کی آئندہ سیریز میں شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ متوقع ہے۔

بٹلر کی عدم موجودگی میں جارڈن کاکس کو وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری کے ساتھ مڈل آرڈر میں مستقل موقع ملنے کا امکان ہے۔ کاکس نے سری لنکا کے خلاف فیصلہ کن میچ میں 52 گیندوں پر 76 رنز بنا کر ون ڈے کیریئر کی پہلی نصف سنچری اسکور کی تھی۔

انگلینڈ کے ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم کا کہنا ہے کہ اہم کھلاڑیوں کی انجریز ورلڈ کپ سے قبل متبادل کھلاڑیوں کی صلاحیتیں جانچنے کا موقع بھی فراہم کرتی ہیں۔ ان کے مطابق ٹیم کو ممکنہ مشکلات سے نمٹنے کے لیے پہلے سے منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔

مزید خبریں

Back to top button