پی سی بی نے سری لنکا سیریز اور ون ڈے ٹرائی سیریز کے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ سیریز سمیت انگلینڈ، پاکستان اور سری لنکا پر مشتمل ون ڈے ٹرائی سیریز کے لیے میچ آفیشلز کے پینل کا اعلان کردیا۔

ون ڈے ٹرائی سیریز میں آئی سی سی ایلیٹ پینل کے میچ ریفری جیف کرو ذمہ داریاں انجام دیں گے، جبکہ امپائرز کے پینل میں آئی سی سی ایلیٹ پینل کے احسن رضا اور شرفدولہ کے علاوہ آصف یعقوب، راشد ریاض، فیصل آفریدی اور ناصر حسین شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ کے امپائر وین نائٹس بھی ٹرائی سیریز میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیں گے۔ فائنل میں احسن رضا اور وین نائٹس آن فیلڈ امپائرز جبکہ شرفدولہ تھرڈ امپائر ہوں گے۔ شرفدولہ اور وین نائٹس بالترتیب چار اور تین میچز میں تھرڈ امپائر کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں گے۔

ٹیسٹ سیریز کے لیے انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے آئی سی سی ایمرجنگ پینل کے ریفری ڈین کوسکر کو مقرر کیا گیا ہے، جو راولپنڈی میں ٹیسٹ ریفری کی حیثیت سے ڈیبیو کریں گے۔ آئی سی سی ایلیٹ پینل کے روڈ ٹکر، ایڈرین ہولڈسٹاک اور الاہودین پالیکر آن فیلڈ امپائرز ہوں گے، جبکہ پالیکر اور روڈ ٹکر پہلے اور دوسرے ٹیسٹ میں بالترتیب تھرڈ امپائر کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے آئی سی سی انٹرنیشنل پینل کے میچ ریفری علی نقوی کو مقرر کیا گیا ہے۔ راشد ریاض، ناصر حسین اور فیصل آفریدی آن فیلڈ اور تھرڈ امپائر کے فرائض انجام دیں گے، جبکہ طارق رشید تینوں میچز میں فورتھ امپائر ہوں گے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز 9، 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ ون ڈے ٹرائی سیریز 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور میں ہوگی، جبکہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز 9 سے 21 نومبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button