دلجیت دوسانجھ کی ’’سانسوں کی مالا پہ‘‘ پر راحت فتح علی خان بھی فدا ہوگئے

ٹورنٹو (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان کے معروف قوال و گلوکار راحت فتح علی خان نے بھارتی پنجابی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ کی جانب سے لیجنڈری قوال نصرت فتح علی خان کی مقبول قوالی ’’سانسوں کی مالا پہ‘‘ پیش کرنے کو سراہتے ہوئے اسے دل سے کی گئی خوبصورت پیشکش قرار دیا ہے۔ٹورنٹو میں کنسرٹ سے قبل گفتگو کرتے ہوئے راحت فتح علی خان نے کہا کہ بڑے بڑے فنکار بھی نصرت فتح علی خان کا کلام پیش کرتے ہوئے گھبرا جاتے ہیں، تاہم دلجیت دوسانجھ نے اپنی بھرپور صلاحیتوں کے مطابق اس قوالی کو دل سے اور شاندار انداز میں پیش کیا۔راحت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے دلجیت دوسانجھ کی پرفارمنس دیکھی اور سنی ہے اور وہ ان کی اس پیشکش کو سراہتے ہیں۔
واضح رہے کہ دلجیت دوسانجھ نے 12 ستمبر کو لندن کے ویمبلی اسٹیڈیم میں پرفارم کرتے ہوئے نصرت فتح علی خان کی شہرۂ آفاق قوالی ’’سانسوں کی مالا پہ‘‘ پیش کی تھی، جس پر کنسرٹ میں موجود شائقین نے بھی ان کا ساتھ دیا۔
دلجیت کی جانب سے قوالی کی یہ پیشکش ان کے معمول کے میوزیکل انداز سے مختلف تھی۔ ان کی موسیقی میں جدید انداز، خصوصاً ہپ ہاپ کا رنگ نمایاں ہے، جبکہ وہ روایتی پنجابی لوک موسیقی کو جدید موسیقی کے امتزاج کے ساتھ عالمی سطح پر متعارف کرا چکے ہیں۔نصرت فتح علی خان کے کلام کی دلجیت دوسانجھ کی جانب سے پیشکش اور راحت فتح علی خان کی جانب سے پذیرائی نے دونوں جانب کے موسیقی کے شائقین کی توجہ حاصل کرلی ہے۔



