ننکانہ صاحب کچہری نئے جوڈیشل کمپلیکس میں منتقل، سائلین کیلئے فری شٹل سروس شروع

ننکانہ صاحب (رضوان سلطان، نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) ننکانہ صاحب کی کچہری کو پرانی عمارت سے منتقل کرکے شاہکوٹ روڈ پر قائم نئے جوڈیشل کمپلیکس میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں عدالتی امور کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کچہری کی منتقلی کے باعث سائلین کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا تھا، تاہم ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی جانب سے شہریوں کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
وکلاء کی جانب سے ہڑتال کے باوجود سائلین کی مشکلات کم کرنے کے لیے پرانی کچہری سے نئے جوڈیشل کمپلیکس تک مفت شٹل سروس کا انتظام کیا گیا ہے، جس کے ذریعے شہریوں کو نئی کچہری تک آمدورفت کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
سائلین نے مفت شٹل سروس کے انتظام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ نئے جوڈیشل کمپلیکس میں عدالتی امور کی منتقلی سے شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔



