راولپنڈی میں خاتون اور دو بیٹیوں کے اغوا کا معاملہ، خاتون کے قتل کا شبہ

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) راولپنڈی میں خاتون اور اس کی دو کم سن بیٹیوں کے اغوا کے واقعے میں پولیس نے خاتون کو مبینہ طور پر قتل کیے جانے کا شبہ ظاہر کیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق خاتون نبیلہ شاہین کو اپنی ڈیڑھ سالہ بیٹی آیت نور اور 4 سالہ بیٹی شفاء نور سمیت تقریباً دو ہفتے قبل اغوا کیا گیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ 12 ستمبر کو تھانہ صدر بیرونی میں درج کیا گیا۔
پولیس نے خاتون کے اغوا کے بعد مبینہ قتل کے شبے میں اس کے قریبی رشتے داروں سے تفتیش شروع کردی ہے، جبکہ اغوا کی واردات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ واقعے کا مقصد مبینہ طور پر جائیداد ہتھیانا ہوسکتا ہے۔ تاہم دونوں کم سن بچیوں کا تاحال سراغ نہیں مل سکا اور ان کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔



