چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب اور دسترس فاؤنڈیشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) بچوں کے تحفظ، فلاح و بہبود اور محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب اور دسترس فاؤنڈیشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔

مفاہمتی یادداشت پر چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب و رکن صوبائی اسمبلی سارہ احمد اور چیئرپرسن دسترس فاؤنڈیشن شائزا شاہد نے دستخط کیے۔

اس موقع پر سارہ احمد نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ترجیحات میں بچوں کو تحفظ، عزت، تعلیم اور بہتر مستقبل کے مساوی مواقع فراہم کرنا شامل ہے۔ ان کے مطابق بچوں کے تحفظ کے لیے مؤثر حفاظتی اقدامات، عوامی آگاہی اور مختلف اداروں کے درمیان تعاون انتہائی اہم ہے۔

معاہدے کے تحت بچوں کے حقوق اور تحفظ سے متعلق آگاہی، کمیونٹی آؤٹ ریچ، مدارس اور کمیونٹی تعلیمی اداروں کے ساتھ روابط جبکہ اساتذہ کی استعدادِ کار بڑھانے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔

اس سلسلے میں بچوں کے لیے سہ ماہی بنیادوں پر آگاہی سیشنز منعقد کیے جائیں گے، جن میں بچوں کے حقوق، ذاتی حفاظت، گڈ ٹچ اور بیڈ ٹچ، مثبت رویوں، آن لائن تحفظ اور تشدد و استحصال سے بچاؤ جیسے موضوعات شامل ہوں گے۔

مفاہمتی یادداشت کے مطابق دسترس فاؤنڈیشن مدارس اور کمیونٹی تعلیمی اداروں میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی آگاہی سرگرمیوں کے انعقاد میں معاونت فراہم کرے گی۔ والدین، اساتذہ، نگہداشت کنندگان، مذہبی اور کمیونٹی رہنماؤں کے لیے بھی مشترکہ آگاہی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔

معاہدے کے تحت اساتذہ کے لیے سہ ماہی تربیتی سیشنز بھی منعقد ہوں گے، جن میں کلاس روم مینجمنٹ، مثبت نظم و ضبط، بچوں دوست تدریسی طریقوں، بچوں سے مؤثر رابطے اور تحفظ سے متعلق خدشات کی بروقت نشاندہی پر توجہ دی جائے گی۔

سارہ احمد نے کہا کہ بچوں کے تحفظ کے لیے کسی ناخوشگوار واقعے کے بعد ردعمل دینے کے بجائے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے پیشگی اقدامات ضروری ہیں۔ ان کے مطابق بچوں کے ساتھ براہِ راست کام کرنے والے اساتذہ اور دیگر افراد کی تربیت مؤثر چائلڈ پروٹیکشن نظام کی بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام مشترکہ سرگرمیوں میں بچوں کی حفاظت، عزتِ نفس، رازداری اور بہترین مفاد کو اولین ترجیح دی جائے گی، جبکہ بچوں کی ذاتی معلومات، تصاویر اور ویڈیوز کے استعمال میں قانونی تقاضوں اور ضروری اجازت و رضامندی کو یقینی بنایا جائے گا۔

چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے کہا کہ سرکاری اداروں، سماجی تنظیموں، تعلیمی اداروں اور معاشرے کے مختلف طبقات کے باہمی تعاون سے بچوں کے لیے محفوظ، معاون اور بچوں دوست ماحول کے قیام کی کوششیں مزید مؤثر بنائی جاسکتی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button